22 فروری 2015 - 07:19
عالمی رائے عامہ کو گمراہ کرنے کی واشنگٹن کی کوشش

عراق کے نائب صدر نوری المالکی نے اوبامہ کو علاقے کے ملکوں میں دہشتگردوں کے مضبوط ہونے کا ذمہ دارقرار دیا ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق نوری مالکی نے امریکی صدراوبامہ کے اس الزام کا جواب دیتے ہوئے کہ عراق میں فرقہ وارانہ اختلافات کو ھوا دینے میں ان کا کردار ہے کہا ہے کہ عراق اور علاقے کے دوسرے ملکوں میں داعش کے پہنچنے اور مضبوط ہونے کے ذمہ دار اوباما ہیں- نوری مالکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے شامی حکومت کو گرانے کے لئے داعش اور النصرہ محاذ کو استعمال کرنے کی کوشش کرکے ایک بڑی غلطی کا ارتکاب کیا ہے - نوری مالکی نے کہا کہ عراق اور علاقے کے دوسرے ملکوں میں داعش کے مضبوط ہونے اور اس کا اثر و نفوذ بڑھنے میں اوبامہ کی پالیسی اور اقدامات نہایت موثر واقع ہوئے ہیں- عراق کے سابق وزيراعظم نے داعش پر امریکی حملوں کو ایک ڈرامہ قرار دیا اور کہا کہ شام میں بدامنی کا آغاز اور طاقت کے زور پر بشار اسد کا تختہ الٹنے کے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے فیصلے نے داعش اور جبہۃ النصرہ جیسے دہشتگردوں کے وجود میں آنے میں اہم کردار ادا کیا ہے-نوری مالکی نے کہا کہ امریکیوں کے اسی رویئے کی بنا پر داعشی عناصر شام سے عراق، اردن، مصر، لیبیا اور یمن تک پھیل گئے- عراق کے نائب صدر نے دہشتگردوں کے خلاف جنگ کے لئے ہتھیار اور فوجی سازوسامان دینے میں امریکہ کے پس و پیش اور دہشتگردوں کے عراقی شہروں کے قریب پہنچ جانے نیز موصل پر حملے کے سلسلے میں انتباہات کو نظرانداز کئے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ موصل پرقبضہ، واشنگٹن کی بے توجہی ، اور علاقے کے بعض ممالک کی حوصلہ افزائی کا نتیجہ ہے-

.......

/169